پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کے بھائی مشتاق کائرہ کے انتقال پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم مشتاق کائرہ کے بلند درجات اور مغفرت کے لیے دعا کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ صدرِ مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھی سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کے بھائی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے بلندیٔ درجات کی دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ مشتاق کائرہ کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا۔ انہوں نے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے بھی مشتاق کائرہ کے انتقال پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔