آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دیکر سپرایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پوری ٹیم 17.3 اوورز میں 97 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، سٹینکیمپ 23 اور الیگزینڈر بسنگ وولشینک 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4، شاداب خان نے 3 جبکہ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دیکھائی۔
قبل ازیں کولمبو کے سنہالیز سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے جبکہ شاداب خان 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
یہ صاحبزادہ فرحان کی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی 20 ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں، کپتان سلمان علی آغا 38، صائم ایوب 14 اور خواجہ نافع 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔نمیبیا کی جانب سے جیک براسل نے 2 اور جرہارڈ ایراسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔پلیئر آف دی میچ کا اعزاز صاحبزادہ فرحان کو دیا گیا۔