ٹنڈومستی کے قریب مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 11 مسافر جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ خیرپور کے قریب قومی شاہرہ پر ٹنڈومستی کے مقام پر پیش آیا، متاثرہ کوچ پنجاب سے کراچی جا رہی تھی، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین، کوچ کا ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے جاں بحق ہونے والے مسافروں کی میتوں کو سول ہسپتال خیرپور جبکہ زخمیوں کو گمبٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد قومی شاہراہ عام ٹریفک کیلئے بند ہو گئی، موٹروے پولیس اور خیرپور پولیس نے روڈ کو آمد و رفت کیلئے بحال کروایا جبکہ حادثے کا شکار دونوں گاڑیاں روڈ پر موجود ہیں۔