راجن پور اور کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرا لیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

راجن پور اور کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرا لیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور(سی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ راجن پور اور کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرا لیا گیا ہے، اب ہنی ٹریپ کے کیسز ختم ہو جائیں گے۔

کچا میں آپریشن پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں نے ریاست کے اندر ایک ریاست بنائی ہوئی تھی اور خوف کا ماحول پیدا کر رکھا تھا، لوگوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کر لیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا تھا کہ کچے میں آپریشن بہت مشکل ہے، ہم نے رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیا، پاک فوج نے آپریشن کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کی، کچے کے علاقوں میں ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک ایک ڈاکو کو ٹریک کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران جدید ترین سرویلنس اور ہیومن سرویلنس کا استعمال کیا گیا، ڈاکوؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا، سندھ پولیس اور حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے بھی آپریشن میں بھرپور ساتھ دیا، رینجرز نے بھی پولیس کا ساتھ دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ راجن پور اور کچے کا علاقہ 100 فیصد ڈاکوؤں سے کلیئر کرا لیا گیا ہے، حکومت کی رٹ ان علاقوں میں بحال ہو گئی ہے، اس آپریشن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، خوف کے علاقے سے قانون کی عملداری کا علاقہ بن گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہے، کچے کے ڈاکوؤں کے لیے اب کوئی جائے پناہ نہیں ہے، 500 سے زائد ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا ، الحمدللہ پنجاب اب محفوظ ہے۔

کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے پاک ہو گیا، راجن پوراوررحیم یار خان کے جزیرہ نما علاقے کلیئرکر لیے گئے، اب کچے کے علاقے میں سکول، کالج، ہسپتال اورٹیوٹا کے ادارے قائم کیے جائیں گے، بہتر ٹرانسپورٹ کیلئے گرین بس سروس اوردیگر سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے لوگوں کیلئے اپنا کھیت اپنا روز گار کے تحت زرعی اراضی اور کسان کارڈ دینے کا فیصلہ کیا، ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹر بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے چیف منسٹر پروگرام آف کچا ایریا ڈویلپمنٹ کیلئے 3رکنی اعلی سطح کی کمیٹی قائم کر دی، سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ہوم سیکرٹری اورایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے کو وہ پیکیج دینا ہے جو پنجاب کے دوسرے علاقوں کو ملتا ہے، لوگوں کو اپنا کھیت،اپنا روزگار کے تحت کھیتی باڑی کیلئے سرکاری اراضی اورکسان کارڈ دیں گے، کچے کے لوگوں کی زندگیوں کو ترقی اوروسائل فراہم کرکے بہتر بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچا کے لوگ اپنے صوبے پر فخر کریں گے، کچے کے علاقے میں تعینات ہونے والے ڈاکٹرز،ٹیچرز کو سپیشل الاؤنس اورمراعات دی جائیں گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --