وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ہر قسم کی انتہاپسندی، دہشت گردی، نفرت اور تشدد آمیز نظریات کے خلاف قومی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تشدد پر مبنی انتہاپسندی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر سکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں قومی عزم کی روشن مثال ہیں اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی اور تشدد کے نظریات نہ صرف معاشروں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ یہ انسانیت، رواداری، باہمی احترام اور بقائے باہمی جیسی بنیادی انسانی اقدار کو بھی کمزور کرتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشرے سے انتہاپسندی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔