وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی محنتی اور پیشہ ور ٹیمیں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وعدوں کو عملی شکل دینے کے عمل میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بات اتوار کے روز سعودی عرب میں ابھرتی ہوئی معیشتوں سے متعلق العُلا کانفرنس کے موقع پر سعودی وزیرِ معیشت و منصوبہ بندی فیصل بن فاضل الابراہیم سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سمیت اہم بین الاقوامی منڈیوں کیلئے اعلیٰ معیار کے انسانی وسائل کی منظم اور مؤثر فراہمی کا جامع منصوبہ تیار کر رہا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کیلئے پائیدار معاشی فوائد کا حصول ہے۔
انہوں نے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے سعودی عرب کے مسلسل تعاون اور عزم پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور دوطرفہ معاشی تعاون سے متعلق مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر نے پاکستان میں تیار ہونے والی اعلیٰ معیار کی مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان اس شعبے میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ٹیکنالوجی پر مبنی تبدیلی کی قیادت اور معاونت کیلئے پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں سے استفادہ کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اس تناظر میں امریکی تاجروں اور گوگل کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ایرک شمٹ (Eric Schmidt) کے بیانات کا حوالہ دیا، جنہوں نے بھی پاکستانی ٹیکنالوجی ماہرین کی صلاحیت اور استعدادِ کار کو تسلیم کیا ہے۔
سعودی وزیر نے مزید بتایا کہ خلیج تعاون کونسل کے آزادانہ تجارتی معاہدے میں پیش رفت ہو رہی ہے اور اس تناظر میں پاکستان کے ساتھ تجارت اور باہمی تبادلوں میں اضافے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔