صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے پر پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کی حمایت دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔
صدر مملکت نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھرپور حمایت اور یکجہتی کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیغامات دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی جدوجہد کے عزم کا اعادہ ہیں۔
آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان کا دیرینہ مؤقف رہا ہے کہ کوئی ایک ملک تنہا دہشت گردی جیسے عالمی خطرے کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ اس ضمن میں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض ہمسایہ ممالک بدقسمتی سے دہشت گرد عناصر کو اپنی سرزمین سے پاکستان مخالف کارروائیوں کی اجازت دے کر اس جرم میں شریک ہیں، جبکہ انہیں مالی، تکنیکی اور عسکری معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ ملک طالبان حکومت کی معاونت کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور عالمی امن کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی برادری کی جانب سے اظہارِ یکجہتی سے پاکستان کا اپنے شراکت داروں کے ساتھ امن، استحکام اور ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کا حوصلہ مزید مضبوط ہوا ہے۔