سینیٹ میں کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت میں قرارداد متفقہ طور پر منظور

سینیٹ میں کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت میں قرارداد متفقہ طور پر منظور

: سینیٹ نے آج کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد اور ان کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کی حمایت میں ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی، جس میں پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

یہ قرارداد وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی بہادری، ثابت قدمی اور عظیم قربانیوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

ایوان میں واضح کیا گیا کہ جموں و کشمیر کی متنازعہ اور آئینی حیثیت میں یکطرفہ اور غیر قانونی تبدیلی کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے استعمال کا ہرگز متبادل نہیں ہو سکتی۔ سینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

دوسری جانب ایوان کو بتایا گیا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار کرنے والوں اور ان کے ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ صحت کے وزیرِ مملکت مختار احمد ملک نے وقفۂ سوالات کے دوران آگاہ کیا کہ غیر معیاری اور جعلی ادویات کی نشاندہی اور ادویات کی تیاری میں منظور شدہ معیار پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ایک قومی ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔

سینیٹ کا اجلاس اب پیر کی شام چار بجے دوبارہ منعقد ہوگا۔

-- مزید آگے پہنچایے --