پاکستان اور قازقستان نے سیاست، معیشت، دفاع اور عوام کے درمیان رابطوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائف کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات میں کیا گیا۔
وزیراعظم نے تجارت کے شعبے کی صلاحیتوں کے مکمل ادراک کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے حالیہ برسوں میں دوطرفہ تجارت میں تیز تر ترقی کو اجاگر کیا۔
فریقین نے آئندہ دو سال میں دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک بڑھانے پراتفاق کیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے میں وسیع تر تعاون ، تجارتاور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی کردارادا کرے گا۔
اس حوالے سے انہوں نے پاکستان قازقستان بزنس فورم کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے درست سمت میں مثبت قدم قرار دیا۔
دونوں رہنمائوں نے سڑک، ریل، فضائی اور بحری تعاون سمیت علاقائی اورٹرانسپورٹ روابط کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔