وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتی مسابقت میں اضافے اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں چار روپے چار پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے آج اسلام آباد میں معیشت میں نمایاں خدمات انجام دینے والے تاجروں اور برآمد کنندگان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے کاروباری برادری کے لیے مزید اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وھیلنگ چارجز کم کر کے 9 روپے کیے جا رہے ہیں تاکہ صنعتیں قریبی صنعتوں کو اپنی پیدا کردہ بجلی فروخت کر سکیں، جس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم پر مارک اپ ریٹ 7.5 فیصد سے کم کر کے 4.5 فیصد کیا جا رہا ہے، جس سے برآمد کنندگان کو سستے قرضوں کی سہولت حاصل ہو گی اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات زیادہ مسابقتی بن سکیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ آج ایوارڈ حاصل کرنے والے برآمد کنندگان اور تاجروں کو دو سالہ مدت کے لیے بلیو پاسپورٹ دیا جائے گا اور وہ سفیرِ عمومی کے طور پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ایک مستحکم معیشت بن چکا ہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ وزیراعظم نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ معاشی شرح نمو بڑھانے اور قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے لیے برآمدات پر مبنی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے۔
وزیراعظم نے خصوصی طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ آنے والے برسوں میں ملکی معیشت کی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار کلیدی ہو گا۔ انہوں نے تاجروں کی تجاویز پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی آراء کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا، جبکہ متعدد تجاویز پر پہلے ہی عمل درآمد ہو چکا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ ملک میں برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے اور حکومتی پالیسیوں کے باعث برآمد کنندگان کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے ممتاز کاروباری رہنماؤں اور برآمد کنندگان میں اعزازی ایوارڈز تقسیم کیے۔