دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ابراہم معاہدے کا فریق نہیں بنے گا۔دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ فلسطین پر پاکستان کا موقف بدستور برقرار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ غلط فہمی ہے کہ بورڈ آف پیس میں شامل ہوناابراہم معاہدے سے یا اس معاملے میں کسی بھی پہلو سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ آف پیس میں شمولیت وزارت خارجہ اور تمام فریقوں کا اجتماعی فیصلہ تھا اور یہ تمام طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد لیا گیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا بورڈ آف پیس میں شمولیت کا بنیادی مقصد غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم اور برقرار رکھنا، تعمیر نو کی حمایت اور فلسطینیوں کے حق خود ارادیت پر مبنی منصفانہ اور دیرپا امن کو آگے بڑھانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ دیگر اہم سات مسلم ممالک سعودی عرب، ترکیہ، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور قطر بھی امن بورڈ میں شامل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بورڈ آف پیس میں شمولیت کو غزہ میں امن کو فروغ دینے کیلئے آٹھ اسلامی ممالک کے اقدام کے تسلسل میں دیکھا جانا چاہیے جس کا مقصد فلسطین میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔