عالمی نمبر تین اور تھرڈ سیڈ امریکی ٹینس اسٹار کوکو گاف نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیرولینا موچووا کو 6-1، 3-6، 6-3 سے شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی گاف نے چیک کھلاڑی کے خلاف اپنا ناقابلِ شکست ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی۔
یہ کامیابی گاف کے لیے نیک شگون ثابت ہو رہی ہے، کیونکہ وہ اب تک ہر وہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہیں جس میں انہوں نے موچووا کو شکست دی، جن میں 2023 کا یو ایس اوپن بھی شامل ہے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوکو گاف نے کہا،
“آج میں نے گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوئی۔ مجھے لگا کہ دوسرا سیٹ بھی میرے حق میں جا سکتا تھا، اس لیے میں جانتی تھی کہ تیسرے سیٹ میں مواقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا، اور میں نے ایسا ہی کیا۔”
میلبورن پارک میں مقابلے کا آغاز یکطرفہ دکھائی دیا، جہاں گاف نے صرف 20 منٹ میں 5-0 کی برتری حاصل کر لی۔ برسبین میں دو ٹاپ ٹین کھلاڑیوں کو شکست دے کر آنے والی موچووا چھٹے گیم تک کوئی پوائنٹ حاصل نہ کر سکیں، اور گاف نے پہلا سیٹ نہایت مہارت سے اپنے نام کر لیا۔
دوسرے سیٹ میں صورتحال بدل گئی، جب موچووا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے دو مرتبہ گاف کی سروس بریک کی اور 4-1 کی برتری حاصل کر لی۔ گاف کو سروس پر مشکلات کا سامنا رہا اور متعدد ڈبل فالٹس ہوئے۔ موچووا نے سیٹ کے لیے سروس کرتے ہوئے کوئی غلطی نہ کی اور گاف کے خلاف پانچ مقابلوں میں پہلی بار ایک سیٹ جیت لیا۔
فیصلہ کن تیسرے سیٹ میں کوکو گاف نے جارحانہ انداز اپنایا اور موچووا سے غلطیاں کرواتے ہوئے 4-1 کی برتری حاصل کر لی۔ ساتویں گیم میں طویل اور سخت ریلیز دیکھنے میں آئیں، جس کے بعد گاف نے شاندار بیک ہینڈ ونر مار کر اپنی برتری مستحکم کی۔
موچووا نے آخری لمحات میں تین میچ پوائنٹس بچا کر بھرپور مزاحمت کی، تاہم کوکو گاف نے بالآخر کامیابی سمیٹتے ہوئے آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی۔
موچووا کے کھیل کے بارے میں گاف کا کہنا تھا،
“وہ بے حد مختلف انداز میں کھیلتی ہیں، آپ کو کبھی اندازہ نہیں ہوتا کہ وہ کیا کریں گی۔ آخری گیم میں میں نے اپنی سیکنڈ سروس پر اعتماد کیا، جو میرے لیے درست سمت میں ایک اہم قدم ہے، خاص طور پر اتنے طویل سروس گیمز میں۔”
کوکو گاف اب اسی اعتماد اور فارم کے ساتھ کوارٹر فائنل میں اتریں گی، جہاں وہ اپنے دوسرے گرینڈ سلام ٹائٹل کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔