رقمی اسلامی ڈیجیٹل بینک فروری میں پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گا

رقمی اسلامی ڈیجیٹل بینک فروری میں پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گا

رقمی اسلامی ڈیجیٹل بینک آئندہ ماہ فروری میں پاکستان میں اپنے باقاعدہ آپریشنز کا آغاز کرنے جا رہا ہے، جس کے لیے ابتدائی طور پر 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اس ڈیجیٹل بینک کا قیام کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے عمل میں آیا ہے۔

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے اس پیش رفت کو پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال اور جاری ساختی اصلاحات پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان مالیاتی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔

خرم شہزاد کے مطابق یہ سرمایہ کاری پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی مالیاتی نظام کے استحکام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مؤثر سہولت کاری پاکستان میں ایک جدید، پائیدار اور جامع مالیاتی نظام کی راہ ہموار کر رہی ہے، جو معیشت کی طویل المدتی بہتری کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگی۔

-- مزید آگے پہنچایے --