اہم شعبوں میں پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن، وزیراعظم شہباز شریف

اہم شعبوں میں پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت، صنعت، کان کنی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں تیزی سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

وہ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈاووس میں منعقدہ ’’پاکستان بریک فاسٹ‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے حکومت کی مسلسل اور انتھک کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے میکرو اکنامک اشاریے حوصلہ افزا ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 5.5 فیصد تک آ گئی ہے، پالیسی ریٹ 22.5 فیصد سے کم ہو کر 10.5 فیصد پر آ چکا ہے، جبکہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔

وزیراعظم نے برآمدات پر مبنی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریونیو کلیکشن سسٹم میں ساختی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح جو چند سال قبل 9 فیصد تھی، اب بڑھ کر 10.5 فیصد ہو گئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ زرعی برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان نے امریکی اور چینی کمپنیوں کے ساتھ اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کرپٹو، مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں برق رفتاری سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے، جس میں تربیت اور سرٹیفکیشن پروگرامز شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے چین اور امریکہ کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات ہیں اور امید ظاہر کی کہ کان کنی، معدنیات، انسداد دہشت گردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور حال ہی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی شفاف انداز میں نجکاری مکمل کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ آئندہ مرحلے میں ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور ٹرانسمیشن لائنز کی نجکاری کا بھی منصوبہ ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --