بیرونِ ملک روزگار میں 5 فیصد اضافہ، ترسیلاتِ زر 9 فیصد بڑھ گئیں

بیرونِ ملک روزگار میں 5 فیصد اضافہ، ترسیلاتِ زر 9 فیصد بڑھ گئیں

وزارتِ اوورسیز پاکستانیز نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران بیرونِ ملک جانے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلاتِ زر میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزارت کی جانب سے 2025 کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ بیورو آف امیگریشن کی جانب سے اوورسیز ملازمت کے خواہش مند افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اٹھائے گئے ٹھوس اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

وزارت کے مطابق سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی روزگار کے لیے بیرونِ ملک گئے، جبکہ سمندر پار پاکستانیوں نے تقریباً 40 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر وطن بھجوائیں۔

وزارت نے مزید بتایا کہ 2025 میں اٹلی، بیلاروس اور عراق کے ساتھ لیبر موبیلٹی معاہدے طے پائے، جن کا مقصد پاکستانی محنت کشوں کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔

بیان کے مطابق اٹلی کی جانب سے پاکستان کے لیے تین سال میں 10 ہزار 500 کارکنوں کا کوٹہ مختص کرنا ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے تحت ہر سال تقریباً 3 ہزار 500 پاکستانی کارکنوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

وزارت نے یہ بھی بتایا کہ قطر کی جانب سے 19 سال بعد پاکستانی کارکنوں کے لیے ورک ویزوں کی بحالی سے خلیجی ممالک تک رسائی کے مواقع میں نمایاں وسعت آئی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --