سمیر منہاس کی جارحانہ نصف سنچری اور باؤلرز کی اجتماعی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان انڈر 19 نے آئی سی سی مینز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں امریکہ انڈر 19 کو 69 رنز سے شکست دے دی۔ یہ میچ منگل کو بولاوایو ایتھلیٹک کلب، بولاوایو میں کھیلا گیا۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان انڈر 19 نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز اسکور کیے۔ اننگز کا نمایاں پہلو اوپنر سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ رہی، جنہوں نے صرف 55 گیندوں پر 74 رنز اسکور کیے، جس میں آٹھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ وہ اپنی اننگز کے دوران ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔
سمیر منہاس کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں تاہم مڈل اور لوئر آرڈر کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں تسلسل برقرار رکھا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز احمد حسین نے 43 رنز کی محتاط اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے شامل تھے، جبکہ حذیفہ احسن نے 45 گیندوں پر 38 رنز (دو چوکے، دو چھکے) اور علی حسن بلوچ نے 19 گیندوں پر 36 رنز (دو چوکے، تین چھکے) بنا کر آخری اوورز میں اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم 43.5 اوورز میں 225 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ امریکہ کی جانب سے ساحل گارگ نے 75 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جس میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔
پاکستان کی جانب سے عبدالصبحان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مومن قمر نے سات اوورز میں 24 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دائیں ہاتھ کے لیگ اسپنر احمد حسین نے مختصر اسپیل میں دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا، دانیال علی خان اور نقیب شفیق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ پاکستان انڈر 19 کا آئی سی سی مینز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں دوسرا وارم اپ میچ تھا، اس سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف پہلا وارم اپ میچ ہفتے کو ماسونگو میں بارش کی نذر ہو گیا تھا۔