پاکستان اور انڈونیشیا نے باہمی دفاعی تعلقات کو نئی جہت دینے اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ بات انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل سجافری (Sjamsoeddin) اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ادارہ جاتی روابط، مشترکہ تربیتی پروگرامز اور دفاعی صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان، مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور تزویراتی مفادات کی بنیاد پر انڈونیشیا کے ساتھ مضبوط، دیرپا اور ہمہ جہت دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دفاع سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔