پاکستان نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان نے سری لنکا کا 129 رنز کا ہدف17 ویں اوورمیں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر میزبان سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی فا ئنل الیون میں آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی ہوئی۔اس کے علاوہ ٹیم میں صائم ایوب ،صاحبزادہ فرحان ،سلمان علی آغا، فخر زمان ،عثمان خان شامل تھے۔محمد نواز،فہیم اشرف ، محمد وسیم جونیئر،سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔
پاکستان کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا کی ٹیم 19.2 اوورز میں 128 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے جنتھ لیانگے نے 40، ہسارنگا اور اسالانکا نے 18،18 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور محمد وسیم کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں۔
پاکستان نے سری لنکا کا 129 رنز کا ہدف صاحبزادہ فرحان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت با آسانی 4 وکٹوں کےنقصان پر حاصل کرلیا۔پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 36 گیندوں پر 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ صائم ایوب 24 رنز بناسکے۔اس کے علاوہ سلمان علی آغا 16 اور فخر زمان 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شاداب خان 18 اور عثمان خان 7 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کے شاداب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔