پاکستان نے وینزویلا میں حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندے عثمان جدون نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی متعدد بحرانوں سے گھری دنیامیں کیریبین خطے کی بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عدم استحکام علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے اچھا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا منشور رکن ممالک کو ریاستی خودمختاری میں مساوات، دوسروں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور بین الاقوامی تنازعات کو پرامن طریقوں سے حل کرنے کا پابند کرتا ہے۔عثمان جدون نے کہا کہ یکطرفہ فوجی کارروائی اِن اصولوں اور خودمختار استثنیٰ کے نظریے کی نفی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ مزید تحمل کا مظاہرہ کریں، تنائو کم کریں اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے صورتحال مزیدابترہو۔