بنگلہ دیش نے پاک فضائیہ کی آپریشنل مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔اس دلچسپی کا اظہار بنگلہ دیش کی فضائیہ کے ایئر چیف حسن محمود خان نے آج سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے ملاقات کے دوران کیا۔معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے جنگی ریکارڈ کی تعریف کی اور بنگلہ دیشی فضائیہ کے پرانے لڑاکا طیاروں پر مشتمل بیڑے کی دیکھ بھال اور فضائی نگرانی بڑھانے کیلئے فضائی دفاعی ریڈار سسٹم کے انضمام میں معاونت طلب کی۔اس موقع پر JF-17تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ظہیر احمد بابر نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔انہوں نے پاک فضائیہ کے اداروں میں بنیادی سے لے کر جدید فلائنگ اور خصوصی کورسز کے جامع تربیتی فریم ورک کے ذریعے بنگلہ دیشی فضائیہ کی مدد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔