وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وہ اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔صوبے کے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی اقدامات اور خوارج کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کی سہولیات کے دائرہ کار کو بڑھانے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
وزیرِ داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کو اجتماعی اقدامات کے ذریعے ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خوارج کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے وزیرِ داخلہ کو آگاہ کیا اور امن و امان کے قیام کے لیے وفاقی تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے مشترکہ اور مربوط اقدامات پر زور دیا۔