چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قوم پر زور دیا ہے کہ ایک جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے افکار اور وژن پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔
وہ آج اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں قائداعظم محمد علی جناح کی یومِ پیدائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ قائداعظم پاکستان کو ایک جدید جمہوری ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتے تھے جو مساوات، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر قائم ہو۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نہ صرف پاکستان کے بانی تھے بلکہ اصولی قیادت، آئین پسندی اور اخلاقی جرات کی علامت بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ بانیٔ پاکستان کے اصول آج بھی اتنے ہی مؤثر اور اہم ہیں جتنے قیامِ پاکستان کے وقت تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا سیاسی سفر آئین پسندی اور جمہوری اصولوں سے عبارت تھا۔
چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ جن افراد کو اختیار سونپا جاتا ہے، انہیں ذاتی مفادات پر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو شفافیت اور دیانت داری کے ساتھ کام کرنا چاہیے اور نوجوانوں کو نظم و ضبط اور قومی خدمت کے لیے خود کو وقف کرنا چاہیے۔