وزیرِ خزانہ کے مشیر برائے اقتصادی و مالیاتی اصلاحات، خرم شہزاد نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 174,000 پوائنٹس عبور کرنے کو پاکستان کی ایکویٹی مارکیٹ کے لیے ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایکس کا ہنڈریڈ انڈیکس آج 174,000 پوائنٹس سے تجاوز کر گیا، جو ایک اور تاریخی ریکارڈ ہے۔
مشیرِ خزانہ نے کہا کہ جنوری 2025 سے اب تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے امریکی ڈالر کے حساب سے پچاس فیصد سے زائد منافع فراہم کیا ہے، جس کے باعث یہ ایشیا کی بہترین مارکیٹوں میں شامل ہو چکا ہے، جبکہ 2025 سرمایہ کاروں کے لیے مضبوط منافع کا ایک اور سال ثابت ہو رہا ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی شمولیت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ایکویٹی سرمایہ کاروں کی تعداد چار لاکھ پچاس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جو گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران سینتیس فیصد اضافہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ریکارڈ سطحیں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہیں، جس کی بنیاد مسلسل معاشی استحکام، اہم اصلاحات اور مستقبل میں پائیدار اور بلند تر ترقی کے بہتر امکانات ہیں۔