برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بدلتے ہوئے عالمی نظام میں ابھرتا ہوا سب سے بااثر اسٹریٹجک رہنما قرار دیا ہے۔
اخبار کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کثیرالجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر ہیں اور بدلتی عالمی سیاست نے درمیانی طاقتوں (مڈل پاورز) کے لیے ایک نیا مگر چیلنجنگ دور شروع کر دیا ہے، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک کامیاب کثیرالجہتی حکمتِ عملی کی واضح مثال بن کر سامنے آئے ہیں۔
فنانشل ٹائمز نے اس امر کا اعتراف کیا کہ پاکستان کی قیادت نے واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے ساتھ بیک وقت تعلقات برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ اخبار کے مطابق تیزی سے بدلتی عالمی سیاست میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے لیے نئے سفارتی مواقع پیدا کیے ہیں۔
اخبار نے لکھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بروقت خوشگوار تعلقات اور نرم سفارتی رویہ مؤثر ثابت ہوا، جس سے پاکستان کو عالمی سطح پر فائدہ پہنچا۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان کی سفارتی کامیابی نے بھارت کو مایوس کیا ہے، جہاں مڈل پاور کی حکمتِ عملی توقع سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوئی۔ اخبار کا کہنا ہے کہ بھارت بدلتے عالمی حالات اور صدر ٹرمپ کے طرزِ سیاست سے ہم آہنگ ہونے میں ناکام رہا، جس کے نتیجے میں اسے اپنی مڈل پاور پالیسی میں سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔