پاکستان اور چین نے مفاہمت کی چوبیس یادداشتوں پر دستخط کے ذریعے اپنے تکنیکی تعاون کو وسعت دی ہے جس کا مقصد آئی ٹی تعاون پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے تحت ڈیجیٹل تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
بیجنگ میں دستخط کی گئیں مفاہمت کی یادداشتوں میں ایک حکومت سے حکومت، سات حکومت سے کاروبار اور سولہ بزنس ٹو بزنس کے معاہدے شامل ہیں۔
اس اقدام میں آئی ٹی صنعت میں تعاون کو بڑھانے کیلئے ایک اختراعی اور عملی ڈیجیٹل کوریڈور تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
ڈیجیٹل کوریڈورکامقصد پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کیلئے نئی راہیں کھولنا اور آئی سی ٹی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کو بڑھانا ہے۔
وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام تین لاکھ تک پاکستانی نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دینے، اے آئی کوفروغ دینے اور آئی ٹی کی برآمدات اور ڈیجیٹل صلاحیت کو بڑھانے کیلئے متعدد بین الاقوامی تعاون پر عمل پیرا ہے۔