وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں واقع بچوں کی نشوونما سے متعلق امراض کے بحالی مرکز (ری ہیبیلیٹیشن سینٹر) میں سنٹر آف ایکسیلینس فار آٹزم کا سنگِ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ جدید مرکز ایک سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خصوصی افراد، بالخصوص خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کو خود کفیل بنانے کے لیے حکومت تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ ان بچوں کی فنی اور پیشہ ورانہ تربیت نہایت اہم ہے، جبکہ جدید آلات اور ٹیکنالوجی کی فراہمی بھی ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور معاشرے کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحالی مرکز کے لیے خصوصی بچوں کی آمدورفت کی سہولت کے لیے پندرہ کوسٹرز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔