وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان بار کونسل انتخابات میں کامیابی پر انڈیپنڈنٹ گروپ کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان بار کونسل انتخابات میں کامیابی پر انڈیپنڈنٹ گروپ کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے پر انڈیپنڈنٹ گروپ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ایک بیان میں وزیراعظم نے احسن بھون اور اعظم نذیر تارڑ کو پاکستان بار کونسل کے رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ملک بھر میں انڈیپنڈنٹ گروپ کی فیصلہ کن کامیابی پر بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قانونی برادری کی جانب سے انڈیپنڈنٹ گروپ پر اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ وکلاء اپنے مسائل کے حل، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے سنجیدہ، ذمہ دار اور مؤثر قیادت کے خواہاں ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ہمیشہ قانونی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر قانون کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وکلاء سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کے حقوق کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قانونی برادری کو ریاست کا ایک اہم ستون سمجھتی ہے اور بار اور بینچ کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --