وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت مانسہرہ سے چین کے بارڈر تک نئی چار رویہ شاہراہ این 15 تعمیر کرے گی۔اسلام آباد میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ N-15 ہائی وے مانسہرہ، ناران، جلکھڈ اور چلاس کو جوڑے گی اور قراقرم ہائی وے کے متبادل راستے کے طور پر کام کر ے گی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ مانسہرہ سے چلاس تک یہ شاہراہ سال بھر ٹریفک کے لئے کھلی رہے گی، جس سے سفری مشکلات میں کمی آئے گی اور شمالی علاقہ جات میں موسم سرما کی سیاحت میں بھی بہت اضافہ ہوگا۔انہوں نے حکام کو منصوبے کی فزیبلٹی اور دیگر رپورٹس کو فوری طورپر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔