وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے کے مختلف کارڈیالوجی سینٹرز کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مری، ساہیوال اور سرگودھا کے کارڈیالوجی سینٹرز کے کام کی رفتار پر تفصیل سے غور کیا گیا اور صوبے کے دیگر 57 اسپیشلائزڈ ہسپتالوں کی پرفارمنس رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے اسپیشلائزڈ ہسپتال لاکھوں مریضوں کو معیاری طبی سہولت فراہم کر رہے ہیں، جن میں سرجریز اور اربوں روپے کی مفت ادویات شامل ہیں، تاہم، مری، ساہیوال اور سرگودھا کے کارڈیالوجی سینٹرز میں مشینری کی تنصیب اور دیگر ضروری کاموں میں تاخیر پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتال بنے گا تو مکمل بنے گا، پنجاب میں کسی بھی ہسپتال کی تعمیر کے ساتھ ساتھ تمام مشینری اور مکمل آلات کی انسٹالیشن لازمی قرار دی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اپریل تک مکمل فعال کرنے کا حکم دیا، اس اقدام کا مقصد سرگودھا ڈویژن کے دل کے مریضوں کیلئے معیاری علاج کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔نواز شریف کارڈیالوجی سینٹر مری کو بھی وزیراعلیٰ نے ہر حال میں وسط فروری تک مکمل طور پر فعال کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی، انہوں نے کہا کہ مری کے کارڈیالوجی سینٹر میں درکار مشینری اور دیگر وسائل جلد فراہم کئے جائیں گے تاکہ مریضوں کو بہترین سہولت مل سکے۔
وزیراعلیٰ نے مری میں کارڈیک سرجری تھیٹر کے جلد از جلد مکمل ہونے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس کا تمام عمل تیز تر کیا جائے تاکہ مریضوں کو فوری علاج مل سکے، اس کے علاوہ، نواز شریف کارڈیالوجی سینٹر مری میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی بھرتیوں کے عمل کو بھی جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پنجاب کے اسپیشلائزڈ ہسپتالوں اور کارڈیالوجی سینٹرز کی کارکردگی کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی، سیکرٹری نے بتایا کہ تمام سینٹرز کی فعالیت بڑھانے کیلئے درکار وسائل کی فراہمی کے اقدامات جاری ہیں، اور ان تمام منصوبوں کی تکمیل کیلئے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں اصلاحات کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں، کارڈیالوجی سینٹرز کے مکمل فعال ہونے کے بعد ان کے زیر انتظام دیگر صحت کے پروگرامز کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔