وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجابی زبان کو تعلیم، ثقافت اور عوامی زندگی میں مرکزی مقام دلانے کے لیے تاریخی اقدامات کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت وزراء اور سیکرٹریوں کا اجلاس ہوا جس میں ہر ادارے کی پرفارمنس پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ ایجوکیشن سے لے کر ماحولیات،جنگلات،وائلڈ لائف، فشریز، ٹورازم، آرکیالوجی، سپورٹس اور لیبر تک ہر شعبے کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پنجاب کے محنت کشوں کے اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کے لئے جھنگ اور کمالیہ میں 20 ہزار ورکرز کے لیے 3 مرلے کے پلاٹ دینے کا منصوبہ تیار ہے، اپنی چھت، اپنا گھرسکیم کے تحت خصوصی قرضے دئیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی، پنجاب کے ہر راستے کو سرسبز بنانے کے لیے ریلوے ٹریک، سڑکوں اور نہروں کے کنارے شجرکاری کے اقدامات کی ہدایت کی۔مریم نواز نے کہا کہ قدرتی وسائل کی حفاظت کے لئے پنجاب میں جنگلات میں آگ لگنے سے 20 منٹ پہلے مطلع کرنے والا جدید فائر الارمنگ سسٹم نصب کیا جائے گا، پنجاب کے جنگلات کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سپیشل سینسنگ سسٹم کے ذریعے غیر قانونی درخت کاٹنے کے واقعات کا فوری سدباب کیا جائے گا۔انہوں نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے ہر ماہ چیمپئن شپ ایونٹس کرانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں شریمپ فارمنگ نے اپنی کامیابی کی چھاپ چھوڑ دی ہے، کروڑوں روپے کے جھینگے کامیابی سے ایکسپورٹ کیے گئے،پانچ ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ فروری2026سے شروع ہوجائے گی، وزیراعلیٰ نے 50ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کا فیسبلٹی کا پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں میں سیاحت کا نیا ڈیجیٹل دور شروع ہونے جا رہا ہے، میگنی فیشنٹ پنجاب ایپ تیار کر لی گئی، ہر سیاح کو آسانی، سہولت اور پنجاب کی خوبصورتی کی مکمل معلومات میسر ہوں گی،
مریم نواز شریف نے پنجاب میں سیاحت کو عروج تک لے جانے کیلئے ہر ٹورسٹ سائٹ کے مکمل پیکج پلان کی ہدایت کی، انہوں نے کھیل کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کے لئے پنجاب بھر میں سکول گراؤنڈز شام کو عوام کے لئے کھولنے کے لئے اقدامات کا حکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہر محنتی طالب علم کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے لئے پرائیویٹ یونیورسٹی اور کالجز کی لیپ ٹاپ کوٹہ مقرر کرنے کے لئے تجاویز طلب کر لیں، انہوں نے یو ای ٹی میں مقامی سموگ گن کی تیاری پر مسرت کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے تعلیم کے سفر کو ہر راستے تک پہنچانے کے لیے لاہور میں ایجوکیشن آن ویل کے پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز کا حکم دیا۔