اسلام آباد کی جی الیون کچہری دھماکے کے چار سہولت کار گرفتارکرلیا ہے: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد کی جی الیون کچہری دھماکے کے چار سہولت کار گرفتارکرلیا ہے: عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی جی الیون کچہری میں ہونے والے دھماکے کے چار سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ملزمان کو واقعے کے چھیالیس گھنٹوں کے اندر مشترکہ خفیہ کارروائی کے دوران انٹیلی جنس بیورو اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے گرفتار کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ گرفتار ملزمان اور خودکش حملہ آور کے افغانستان سے براہ راست روابط تھے اور وہیں تربیتی کیمپوں میں انہیں تربیت دی گئی۔

انہوں نے میڈیا کو گرفتار ملزم ساجد اللہ کا اعترافی بیان بھی دکھایا۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد کسی بڑے ٹارگٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن وفاقی دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی اقدامات کے باعث ان کی سازش ناکام بنا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس حملے میں معصوم جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، تاہم اگر خودکش بمبار عدالت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو جاتا تو نقصان کہیں زیادہ بڑا ہو سکتا تھا۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام اور ملک کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف امن و امان کو خصوصی ترجیح دے رہے ہیں اور سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔

 

-- مزید آگے پہنچایے --