کاروبار کی سہولت اور سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح : وزیراعظم

 کاروبار کی سہولت اور سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح : وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروبار کو سہولت فراہم کرنا اور سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی سب سے اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ آج اسلام آباد میں قومی صنعتی ترقی کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کمیٹی کے پہلے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی کے بغیر قومی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور آمدنی میں بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ مشکل حالات میں پاکستانی کاروباری برادری نے حکومتی پالیسیوں کا ساتھ دیا اور معاشی بحران پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی سمت بہتر ہو چکی ہے اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تاہم قومی ترقی کے لیے مزید محنت درکار ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان کی صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ سے متعلق مختلف پالیسی تجاویز پیش کی گئیں، جبکہ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا تاکہ ملکی صنعت کی مسابقت بہتر بنانے کے طریقوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
وزیراعظم نے ان تجاویز کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں معیشت کے دیگر شعبوں کی سفارشات کے ساتھ یکجا کرکے قومی پالیسی فریم ورک میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تفصیلی جائزہ لینے اور عمل درآمد کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --