صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بچوں کے حقوق، فلاح و بہبود اور تعلیم کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔یومِ اطفالِ عالم کے موقع پر اپنے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیمیں، میڈیا، والدین، اساتذہ، علما اور خود بچے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے متحد ہوں کہ پاکستان کے ہر بچے کو محفوظ اور نگہداشت بھرا ماحول میسر آئے۔صدر نے کہا کہ یومِ اطفال ہمیں اس مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم ایسا مستقبل تشکیل دیں جہاں ہر بچہ امتیاز اور استحصال سے پاک زندگی گزارتے ہوئے اپنے بنیادی حقوق سے آزادانہ طور پر لطف اندوز ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ صرف قانونی نہیں بلکہ ایک اخلاقی فریضہ بھی ہے، جو ہم سب کی اجتماعی توجہ اور کوشش کا تقاضا کرتا ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس سال کا موضوع ’’میرا دن، میرے حقوق‘‘ اس امر کی اہمیت اجاگر کرتا ہے کہ بچوں کے انفرادی اور اجتماعی حقوق کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کو ہر قسم کے نقصان سے بچانا حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں باصلاحیت بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔