پہلا بین الاقوامی قرأت مقابلہ اس ماہ 24 سے 29 نومبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔یہ مقابلہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں تقریباً پچاس نامور قاریوں کی شرکت متوقع ہے جو او آئی سی کے رکن ممالک سے آئیں گے۔ اب تک وزارت مذہبی امور کو 37 ممالک سے نامزدگی موصول ہو چکی ہے۔مقابلے کا مقصد قرآن کریم کی تلاوت کے فن کو فروغ دینا اور مسلم ممالک کے درمیان بین المذاہب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے۔
شیڈول کے مطابق مختلف کیٹیگریز کے تمام مقابلے جناح کنونشن سینٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوں گے، جبکہ انعامات کی تقسیم کی تقریب 29 نومبر کو ہوگی۔نمایاں قاری بعد ازاں صوبائی سطح کے محافلِ قرأت میں بھی شرکت کریں گے، جو لاہور میں 1 دسمبر اور کراچی میں 3 دسمبر کو منعقد ہوں گی۔وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے اس بڑے ایونٹ کے لیے مکمل انتظامات کر لیے ہیں۔