سینیٹ کو آج آگاہ کیا گیا کہ بیرونِ ملک تعلیمی وظائف کے لیے تمام صوبوں کے طلبہ کے لیے شفاف کوٹہ نظام نافذ ہے۔ایوان میں سوال و جواب کے دوران وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ صرف چند طلبہ تکنیکی وجوہات، جیسے ویزا مسترد ہونے یا دیگر مسائل کے باعث اسکالرشپ سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے ساتھ کسی بھی سطح پر امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔
طارق فضل چوہدری نے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت ہر صوبے کے طلبہ کے لیے مختص کوٹے پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے گی، بالخصوص میڈیکل کالجز میں۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر کے خالی عہدے سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس حوالے سے سمری وزیرِاعظم کو ارسال کر دی گئی ہے اور تقرری جلد عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ یونیورسٹی کے انتظامی امور میں کوئی خلل نہیں، کیونکہ ادارے میں صدر موجود ہیں جو اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔