کیڈٹ کالج وانا کے اساتذہ اور طلباء دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے کے بعد ثابت قدم

کیڈٹ کالج وانا کے اساتذہ اور طلباء دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے کے بعد ثابت قدم

کیڈٹ کالج وانا کے طلبہ اور اساتذہ خوارج کے ناکام دہشت گرد حملے کے بعد بلند حوصلے اور عزم کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آپریشن کی خود نگرانی کی اور کہا کہ کیڈٹس قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ طلبہ اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ان کا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گیا ہے۔کیڈٹس نے بتایا کہ وہ عصر کے وقت ایک ڈرل کی تیاری کر رہے تھے جب دھماکہ ہوا، اور انہیں معلوم ہوا کہ یہ تعلیم کے دشمنوں کا حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے انہیں بحفاظت کالج سے منتقل کیا۔

طلبہ نے عہد کیا کہ تعلیم کے دشمن کچھ بھی کر لیں، وہ ہمیں علم کے راستے سے نہیں روک سکتے۔آپریشن کمانڈر کرنل محمد طاہر نے بتایا کہ خوارج نے کیڈٹ کالج وانا کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جو پاک فوج کی جانب سے جنوبی وزیرستان کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بروقت اور مؤثر ردِعمل نے اس حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ کرنل محمد طاہر کے مطابق، کیڈٹ کالج وانا کے تمام طلبہ اور اساتذہ بحفاظت نکال لیے گئے ہیں، جبکہ بھرپور آپریشن کے دوران تمام خوارج مارے گئے۔

-- مزید آگے پہنچایے --