وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ اصلاحات کے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں۔ پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی کا محور پیش بینی، شفافیت اور اعتماد سازی ہے۔انہوں نے کہا کہ آسان کاروبار ایکٹ 2025 سرمایہ کار دوست اصلاحات کا قانونی ضامن ہے، جس کے تحت سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور تیز تر بنایا جا رہا ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کی جائے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان اب مذاکرات نہیں بلکہ قواعد و ضوابط کی بنیاد پر سرمایہ کاری کا مرکز بن رہا ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔یہ بات انہوں نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرینِ معیشت، کاروباری رہنماؤں اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے تمام شرکاء اور بین الاقوامی ماہرین کی شرکت کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔