سلمان علی آغا کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری

سلمان علی آغا کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

پہلے ون ڈے سے قبل آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ٹیم پانچویں اور سری لنکن ٹیم چوتھے نمبر پر موجود تھی۔

پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 6 رنز کی فتح نے پاکستان کو چوتھی پوزیشن دلادی لیکن اسے برقرار رکھنے کے لیے پاکستان ٹیم کو سیریز میں لازم کامیابی درکار ہوگی جب کہ سری لنکا نے کامیابی حاصل کی تو مہمان ٹیم پھر سے چوتھے نمبر پر آجائے گی۔

دوسری جانب، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی بلے باز سلمان علی آغا کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے جب کہ اسپنر ابرار احمد نے بھی ون ڈے میں کریئر بیسٹ پوزیشن حاصل کرلی۔

سلمان علی آغا نے راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 87 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی پوزیشن میں 14 درجے بہتری حاصل کی ہے، جس کے بعد وہ بیٹنگ رینکنگ میں 16ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل کی رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں واحد پاکستانی بلے باز بابراعظم ہیں جو ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

ابرار احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین باؤلنگ کے ذریعے 17 درجے ترقی پائی ہے اور اب وہ 20ویں نمبر پر ہیں جب کہ اس فہرست میں قومی ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی 16ویں نمبر پر ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --