بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس ترجمان نے بتایا کہ لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب کار میں دھماکا ہوا، تاہم دھماکے کی صحیح نوعیت کا پتا لگایا جارہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دھماکے کے نتیجے میں 6 گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور انہیں نقصان پہنچا۔مزید بتایا کہ کل 7 فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ چکے ہیں، دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی ایک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔دہلی کے نائب فائر چیف نے بتایا کہ کم از کم 6 گاڑیاں اور تین آٹو رکشے آگ کی لپیٹ میں آگئے، مزید کہا کہ فائر فائٹنگ ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا۔ایک رہائشی نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ہم نے ایک زوردار آواز سنی، ہماری کھڑکیاں ہل گئیں۔
پولیس نے اس واقعے کی جگہ پر جمع ہجوم کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔مقامی میڈیا پر دکھائی جانے والی ویڈیوز میں ایک سے زائد گاڑیوں سے شعلے اور دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دیا، جسے دہلی کے پرانے حصے میں میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک گنجان گلی بتایا گیا۔ادھر، مقامی ٹی وی چینلز نے رپورٹ کیا کہ نئی دہلی اور ممبئی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔آج صبح بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت کے ہریانہ علاقے میں چھاپے کے دوران 2 ہزار 900 کلو بم بنانے کا سامان ضبط کیا گیا۔