پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریزکل سے راولپنڈی میں شروع ہو گی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریزکل سے راولپنڈی میں شروع ہو گی

 پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز منگل سے شروع ہورہی ہے۔سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 11 نومبر کو ہوگا جبکہ بقیہ دو میچز 13 اور 15 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔شاہین شاہ آفریدی کی بحیثیت کپتان یہ دوسری ون ڈے سیریز ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز دو ایک سے جیتی ہے۔

سری لنکا کی قیادت چریتھ اسالنکا کررہے ہیں ان کی قیادت میں سری لنکا نے 19 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے13 جیتے ہیں 4 میں اسے شکست ہوئی ہے۔ایک ٹائی ہوا ہے اور ایک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکا ہے۔شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی جیت ہمارے اعتماد کے لیے بہت اچھی ثابت ہوئی ۔ ون ڈے کپتان کے طور پر یہ میری پہلی سیریز تھی اور جس طرح سے کھلاڑیوں نے مختلف حالات میں مقابلہ کیا اور ایک یونٹ کے طور پر کھیلے اس پر مجھے واقعی فخر ہے۔ توانائی، ارادے اور ٹیم ورک شاندار تھے۔

 

ان کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں ہماری توجہ جیت کے اس تسلسل کو آگے بڑھانے پر مرکوز ہے۔ ہم اپنی کارکردگی میں مستقل مزاجی پیدا کرنا چاہتے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر ہر شعبے میں بہتری لاتے رہیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ سری لنکا ایک نظم و ضبط کی ٹیم ہے جو ہمیشہ آپ کو اپنی صلاحیتوں کے ذریعے چیلنج کرتی ہے۔ ہمیں سمارٹ کرکٹ کھیلنے، اپنے منصوبوں پر قائم رہنے اور مثبت رہنے کی ضرورت ہوگی۔ ہمارا مقصد ایک ٹیم کے طور پر ترقی کرتے رہنا اور اپنے مداحوں کو ایسی پرفارمنس دیتے رہنا ہے جس پر انہیں فخر ہو۔

 

انگلینڈ کے الیگزینڈر واف اور بنگلہ دیش کے سیکات شرف الدولہ پاکستان کے آصف یعقوب ، راشد ریاض اور فیصل آفریدی سیریز کے امپائرز پینل میں شامل ہیں۔علی نقوی میچ ریفری ہونگے۔پاکستان سری لنکا کے درمیان 157 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں پاکستان نے 93 جیتے ہیں 59 میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی ہے اور ایک میچ ٹائی ہوا ہے4 میچز نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں دونوں نے ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔سری لنکا نے اس گراؤنڈ پر ایک ون ڈے انٹرنیشنل زمبابوے کے خلاف بھی کھیلا ہے جو جیتا ہے۔پاکستان سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔شاہین شاہ آفریدی ( کپتان ) ابرار احمد۔ بابراعظم۔ فہیم اشرف۔ فیصل اکرم۔ فخرزمان۔ حارث رؤف۔ حسیب اللہ ۔ حسین طلعت۔ محمد نواز۔ محمد رضوان ( وکٹ کیپر) محمد وسیم جونیئر۔ نسیم شاہ ۔ صائم ایوب اور سلمان علی آغا۔

-- مزید آگے پہنچایے --