وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آذربائیجان میں یوم فتح پریڈ میں پاکستان اور ترکیہ کی شرکت پائیدار دوستی کی شاندار علامت ہے جو گزشتہ برسوں میں مزید مضبوط ہوئی ہے۔
وہ آج (ہفتہ ) کو باکو میں کاراباخ جنگ کے پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر یوم فتح پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ تین بھائی ہیں جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
شہباز شریف نے علامہ اقبال کا کلام پیش کیا اور آذربائیجان کی افواج کو علامہ اقبال کے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے صدر الہام علیوف کی قیادت میں تاریخ کی پکار پر جرات مندانہ جواب دیا اور کاراباخ کو آزادی دلائی۔
انہوں نے کہا کہ کاراباخ میں آذربائیجان کی شاندار فتح ظلم کے خلاف لڑنے والی تمام اقوام خاص طور پر غزہ اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے بہادر اور ثابت قدم عوام کے لیے اُمید کی کرن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی متحرک اور نڈر کمان کے تحت پاکستان کی اعلی پیشہ ور مسلح افواج نے انتہائی موثر فوجی کارروائی کے ذریعے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔
انہوں نے کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی سربراہی میں پاکستان کی ہمہ وقت چوکس فضائیہ کے شاہینوں نے مادر وطن کے دفاع میں دشمن کے سات انتہائی جدید ترین طیاروں کو انتہائی برق رفتاری سے مار گرایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی کو بھی اس کی خودمختاری کو چیلنج کرنے یا علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
وزیراعظم نے خصوصی طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مثالی کردار کو سراہا اور ان کی قیادت کی تعریف کی، جس کے نتیجے میں امن کی کوششیں کامیاب ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت نے پاکستان اور بھارت کے درمیان فائر بندی ممکن بنائی، جس سے جنوبی ایشیا میں امن بحال ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کے امن کے عزم کو حال ہی میں افغانستان کے معاملے میں آزمایا گیا ہے۔
انہوں نے ترکیہ کے صدر اور قطر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن بات چیت میں قیمتی کردار ادا کیا۔