قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے آج دوحہ میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے قطر کی قیادت کی کوششوں کو سراہا اور اس حوالے سے قطر کے مؤثر اقدامات کی تعریف کی۔
انہوں نے قطر کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے کامیاب انعقاد اور اس دوران اختیار کیے گئے مثالی انتظامات پر بھی تحسین کا اظہار کیا۔
قطر کے وزیراعظم نے حالیہ پاک-بھارت تنازع میں پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی بہادری کو سراہا اور پاکستان کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ افغانستان میں جاری اقدامات دیرپا امن اور استحکام کا باعث بنیں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے قطری قیادت کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، خصوصاً اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے مواقع پر زور دیا۔ اس موقع پر قطری وزیراعظم نے بتایا کہ قطر پہلے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور مستقبل میں سرمایہ کاری کے حجم میں مزید اضافہ کرے گا۔
ملاقات میں خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر برائے قطر بھی موجود تھے۔