حکومت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہے: عطا اللہ تارڑ

حکومت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہے: عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ رواں سال مئی میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران پاکستان کو دنیا بھر سے زبردست سفارتی حمایت حاصل ہوئی، جو ہماری مؤثر سفارتی حکمتِ عملی اور مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

اسلام آباد میں "پاکستان کی سفارتی کامیابیاں” کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ تمام سفارتکاروں اور سفراء نے ملک کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں وہ قابلِ تحسین ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ہمارے سفارتکاروں نے ہمیشہ قومی پرچم کو بلند رکھا اور ملک کے مفادات کے تحفظ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کے لیے سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں، قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران ہمارے دوست ممالک نے پاکستان کی بھرپور حمایت کی، جب کہ ہماری بہادر افواج نے ہمیشہ دشمن کی جارحیت کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے وزیراعظم کے حالیہ کامیاب دورۂ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر اقتصادی اسٹریٹجک فریم ورک کا اجرا ایک اہم سنگ میل ہے، اور اب حکومت کا ہدف ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا اور پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو اقتصادی میدان میں نئی بلندیوں تک لے جانا اور دوست ممالک کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہماری حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --