وزیر اعظم شہباز شریف نے چترال میں دانش اسکول کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے چترال میں دانش اسکول کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے چترال میں دانش اسکول کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ دانش اسکول، جس میں ڈیجیٹل لائبریریاں، اسمارٹ بورڈز اور کھیلوں کے میدان شامل ہوں گے، علاقے کے مستحق طلبہ کو مفت رہائش اور تعلیم فراہم کرے گا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ چترال کا دانش اسکول معیارِ تعلیم کے لحاظ سے ایچیسن کالج لاہور کے ہم پلہ ہوگا اور عام گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے قیام کی کسی نے سفارش نہیں کی، بلکہ یہ ان کا ذاتی وژن ہے کہ ایسے تعلیمی ادارے ملک کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں، خصوصاً خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو وفاقی حکومت کی طرف سے چترال کے عوام کے لیے تحفہ قرار دیا۔

شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا کہ چترال کا دانش اسکول آئندہ سال باضابطہ طور پر افتتاح کے لیے تیار ہوگا۔علاقائی مطالبات کے جواب میں وزیر اعظم نے چترال میں گیس پلانٹ کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ اپر چترال میں بجلی کے نرخوں کا مسئلہ باہمی اتفاق سے حل کیا جائے گا۔انہوں نے عوامی مطالبے کے پیش نظر وفاقی حکومت کی جانب سے اپر چترال میں ایک یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ علاقے میں متعدد بنیادی ڈھانچے کے منصوبے جاری ہیں جن سے عوامی سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔سیاسی امور پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو ذاتی طور پر فون کر کے ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعلیٰ کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے اور دہشت گردی جیسے قومی چیلنجز کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی دعوت دی۔وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ سہیل آفریدی ان کی تعاون کی پیشکش کا مثبت جواب دیں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --