صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک حکومت اور عوام کو 102ویں یوم جمہوریہ پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ یہ دن عالمی تاریخ میں ایک فیصلہ کن لمحے کی یاد دلاتا ہے جب مصطفی کمال اتاترک کی بصیرت انگیز قیادت میں بہادر ترک عوام نے اصلاحات اور ترقی کی راہ اختیار کی۔
صدر نے کہا کہ ترک عوام نے جس عزم و حوصلے کے ساتھ اپنی منزل کی جانب سفر اختیار کیا وہ دنیا بھر کیلئے مشعل راہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہب، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات استوار ہیں جو جغرافیہ اور وقت سے بالاتر ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے تعلقات صدر ایردوان کی مدبرانہ رہنمائی میں سٹرٹیجک شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔