پاکستان نے ایک چین اصول پر اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ اپنی مضبوط دوستی کی تجدید کی ہے۔ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے صدردفترمیں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی تعاون کے لئے چین کے پرعزم موقف اور کثیر جہتی سفارتکاری کو نئی روح دینے کی اس کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تاریخی فیصلے نے اس بات کی توثیق کی کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت پورے چین کی واحد اور جائز نمائندہ ہے، جبکہ تائیوان چین کا اٹوٹ انگ ہے جسے مادرِ وطن سے کبھی جدا نہیں کیا جا سکتا۔سفیر عاصم افتخار احمد نے عالمی سطح پر چین کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ میں اپنی جائز نشست کی بحالی کے بعد چین نے عالمی امن، استحکام اور ترقی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کا وژن چین کو عالمی تعاون اور ترقی کی ایک متحرک قوت میں تبدیل کر چکا ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی فولادی دوستی پر فخر کرتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر چین کے تعاون، امن، اور کثیرالجہتی سفارتکاری کے فروغ کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کا وژن گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو، گلوبل سیولائزیشن انیشی ایٹو اور گلوبل گورننس انیشی ایٹو بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کی برادری کے قیام کی عملی مثالیں ہیں۔دنیا کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے، سفیر عاصم افتخار احمد نے یقین ظاہر کیا کہ چین اقوامِ متحدہ کو نئی توانائی فراہم کرنے اور عالمی تعاون کو زیادہ جامع و شمولیتی نظام کی جانب لے جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ان اہداف کے حصول میں ہمیشہ اس کا مضبوط شراکت دار رہے گا۔