پاکستان اور سری لنکا نے سمندری سیاحت میں مشترکہ تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے اسلام آباد میں سری لنکا کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ، ہائی ویز اور اربن ڈیولپمنٹ بمل نیروشان رتھناکے کے ساتھ ملاقات کے دوران سمندری سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی تجویز پیش کی۔
جنید چوہدری نے کہا کہ مچھلی پر مبنی صنعتیں اور سیاحت خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مشترکہ سمندری سیاحت کے روٹس یا پیکجز، بہتر فیری خدمات، ثقافتی تبادلے اور مربوط مارکیٹنگ مہمات کے قیام کی تجویز دی۔
سری لنکا کے وزیر نیروشان رتھناکے نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کا مستحکم سمندری سیاحت کا نظام پاکستان کے ابھرتے ہوئے ساحلی سیاحت کے شعبے کو مکمل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون باہمی سیاحت کی ترقی، خطے میں سیاحتی آمد و رفت میں اضافہ اور مشترکہ سمندری و ثقافتی وسائل کے فروغ کا سبب بن سکتا ہے۔