پاکستان اور سعودی عرب  کا اقتصادی تعاون کے فریم ورک کے آغاز پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب کا اقتصادی تعاون کے فریم ورک کے آغاز پر اتفاق

آج جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ گزشتہ روز ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فریم ورک دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ کوششوں کا تسلسل ہے اور پائیدار شراکت داری کے قیام کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کا مقصد معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کی قیادتوں اور عوام کی مشترکہ امنگوں کو پورا کرنا ہے۔
فریم ورک دونوں ممالک کے باہمی اقتصادی مفادات پر مبنی ہے اور تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کی تجدید کرتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو تقویت ملے۔اس تعاون کے تحت معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی کے شعبوں میں کئی اسٹریٹجک اور اہم منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔ یہ منصوبے دونوں حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے، نجی شعبے کے کردار کو بڑھانے اور دوطرفہ تجارت میں اضافے کا باعث بنیں گے۔ترجیحی شعبوں میں توانائی، صنعت، معدنیات، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ شامل ہیں۔ دونوں ممالک اس وقت متعدد مشترکہ اقتصادی منصوبوں پر غور کر رہے ہیں، جن میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بجلی کے باہمی ربط کے منصوبے اور توانائی کے شعبے میں تعاون سے متعلق یادداشتوں پر دستخط شامل ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے توقع ظاہر کی ہے کہ جلد ہی سعودی پاکستانی سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کا اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --