پاکستان اور بنگلہ دیش نے اپنے دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔یہ بات چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساہر شمشاد مرزا کی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس اور ڈھاکہ میں عسکری قیادت کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے دوران سامنے آئی۔دونوں طرفوں نے عالمی اور علاقائی ماحول اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
جنرل ساہر شمشاد مرزا نے پاکستان کی طویل المدتی برادرانہ تعلقات کی قدر دانی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا عزم ہے کہ خودمختار مساوات اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے۔دونوں ممالک نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو بہتر بنانے کے حوالے سے خوش گمانی کا اظہار کیا اور عسکری سطح پر تبادلوں اور متعلقہ اقدامات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے سیلیٹ میں اسکول آف انفینٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا اور اساتذہ و طلبہ سے ملاقات کی۔بنگلہ دیش کی سول اور عسکری قیادت نے پاکستان آرمی کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف ان کی کامیابیوں اور قربانیوں کو سراہا۔