حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 8 دن کی توسیع کر دی۔سرکاری پاکستان ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی ہفتہ یکم نومبر تک برقرار رہے گی۔
ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کے تحت 4 یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی ہوگی۔اس کے علاوہ ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر بھی پابندی عائد ہے۔محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا جبکہ سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسران، اہلکار اور عدالتیں مستثنیٰ ہیں، لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔